جکارتہ2مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب اور انڈونیشیا کے درمیان شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے دورے کے موقع پر مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کوفروغ دینے سے متعلق گیارہ سمجھوتے طے پائے ہیں۔شاہ سلمان بن عبدالعزیزاورانڈونیشی صدر جوکو وِدودو بھی جکارتہ کے نواح میں بوگور شہر میں دوطرفہ سمجھوتوں پر دستخطوں کی تقریب میں موجودتھے۔ان میں سے ایک سمجھوتے کے تحت سعودی عرب انڈونیشیا کو اقتصادی ترقی اور انسانی اسمگلنگ،دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ ایسے کثیر قومی جرائم پرقابوپانے کے لیے ایک ارب ڈالرز کی امداد دے گا۔اس کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت،ہوا بازی،سائنس،صحت کے شعبوں اور دہشت گرد سمیت مختلف جرائم سے نمٹنے کے لیے دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے سمجھوتے طے پائے ہیں۔سعودی عرب کی سرکاری توانائی کمپنی آرامکو اور انڈونیشیا کی توانائی کمپنی پرتامینا کے درمیان چھے ارب ڈالرز کا سمجھوتا طے پایا ہے۔اس کے تحت انڈونیشیا کے تیل صاف کرنے کے ایک کارخانے میں توسیع کی جائے گی اور اس کی پیداواری صلاحیت بڑھائی جائے گی۔انڈونیشی صدر جوکو وِدودو نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے بات چیت میں ان کے دورے کوتاریخی قرار دیا ہے اورامید ظاہر کی ہے کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔انھوں نے کہاکہ مسلم دنیاکی آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے ملک کی حیثیت سے انڈونیشیا کے سعودی عرب کے ساتھ ہمیشہ خصوصی تعلقات استواررہیں گے۔